مکہ مکرمہ(این این آئی)نیوزی لینڈ میں گذشتہ سے پیوستہ جمعہ کے روز ایک دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے مسلمانوں کی مسجد حرام اور مسجد نبوی میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔عرب ٹی وی کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائیسٹ چرچ میں دو مساجد میں شہید ہونے والے 50 مسلمانوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
حرمین شریفین کی انتظامی امور کمیٹی کے چیئرمین الشیخ عبدالرحمان السدیس نے اس موقع پر کہا کہ نیوزی لینڈ میں مسلمان نمازیوںکی شہادت پر ان کی غائبانہ نماز جنازہ اس بات کا برملا اظہار ہے کہ سعودی عرب عالم اسلام اور مسلمانوں کے مسائل کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے۔ سعودی عرب نے دہشت گردی کے خلاف جرات مندانہ موقف اختیار کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں ہوتا۔مسجد حرام میں نماز جنازہ کی امامت امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر ماھر المعیقلی نے جب کہ مسجد نبوی میں الشیخ عبداللہ البعیجان نے کرائی۔ اس موقع پر شہداء کی شہادت کی قبولیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔