اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کردیا ہے کہ اگر ایشیا کپ میں میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو قومی ٹیم ٹورنامنٹ کے آئندہ میچز میں شرکت نہیں کرے گی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ میچ ریفری پائی کرافٹ اور ایونٹ ڈائریکٹر اینڈریو پارسل کو فوری طور پر ہٹایا جائے، بصورت دیگر پاکستان ٹیم مزید میچ کھیلنے سے انکار کر دے گی۔
پی سی بی نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں نے جان بوجھ کر پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا جس سے کھیل کی روح اور اسپرٹ آف کرکٹ کو نقصان پہنچا۔ اس معاملے پر میچ ریفری نے نہ صرف خاموشی اختیار کی بلکہ کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے بھی روکا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے یہ معاملہ آئی سی سی اور ایم سی سی دونوں کے سامنے اٹھایا ہے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔