لاہور( این این آئی) حلقہ این اے 129سے امیدوار بجاش خان نیازی نے دعویٰ کیا ہے کہ حماد اظہر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں ، حافظ نعمان کو ٹکٹ ملنے کی وجہ سے معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا اور وہ واپس آ گئے ،حماد اظہر سے اگلی باری کے لئے ٹکٹ کا وعدہ کیا گیا ہے اور اب بھی وہ ڈیل کے تحت بھاگے ہوئے ہیں۔ ایک انٹر ویو میں بجاش خان نیازی نے کہا کہ میں عمران خان کے وژن کے ساتھ کھڑا تھا ہوں اور کھڑا رہوں گا ،تحریک انصاف نے تو کسی کو ٹکٹ جاری نہیں کیا میں بھی آزاد ہوں اور جو خود کو پی ٹی آئی کا امیدوار کہہ رہے ہیں وہ بھی آزاد ہیں ۔چوہدری ارسلان احمد ، حماد اظہر کا سگا بھا نجا نہیں بلکہ دور کا رشتہ دار ہے یا دوستی نبھائی گئی ہے ، ان کا تحریک انصاف سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ۔
میں نے فیصلہ کیا ہے ہمیںخاندانی سیاست کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے کیونکہ عمران خان بھی خاندانی سیاست کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پارٹی پر مشکل وقت ہے حماد اظہر (ن) لیگ میں چلے گئے ہیں، جب وہاں سے قبولیت نہیں ملی تو پھر آ گھسے ہیں ۔حماد اظہر نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کر لی تھی ، جب حافظ نعمان کو ٹکٹ مل گئی اور انہیں اگلی باری کا کہہ دیا گیا تو یہ ڈیل کے تحت بھاگے ہیں ۔ حماد اظہر کے کاغزات مسترد نہیں ہوئے پھر یہ کیوں بھاگے ہیں،یہ پارٹی کے ساتھ غداری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹروں نے فیصلہ کرنا ہے کس امیدوار کو کامیا ب کرائیں گے،مجھے امید ہے اس بار مجھے ایک لاکھ سے اوپر ووٹ پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان چٹ بھیج دیں گے کہ چوہدری ارسلان امیدوار ہیں تو میں سرنڈر کر دوںگا ۔میں دعوے سے کہتا ہوں حماد اظہر اب کھڑے ہوں انہیںدو سو ووٹ نہیں پڑیں گے ۔حماد اظہر لوگوں کو فون کر کے دھمکا رہے ہیں کہ اگر بجاش نیازی کو ووٹ دیا تو پارٹی سے نکال دوں گا۔