اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایشیا کپ کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پی سی بی کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ ریفری کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ اس صورتحال میں امکان ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے حکومتی سطح پر مشاورت کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آج اہم حکومتی شخصیات سے ملاقات کریں گے جبکہ بورڈ جلد ہی آئی سی سی کے فیصلے پر اپنا مؤقف پیش کرے گا۔ اطلاعات کے مطابق ایشیا کپ میں پاکستان کی شمولیت سے متعلق فیصلہ اگلے چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اگر پاکستان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو ٹیم ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کر سکتی ہے۔اس سے پہلے بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کے دوران ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی درخواست پہلے ہی رد کر دی تھی اور پی سی بی کو اس بارے میں گزشتہ رات مطلع کر دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے کھلاڑیوں کے درمیان ہینڈ شیک نہ کروانے کے معاملے پر ریفری کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا۔