لاہور(آن لائن) پنجاب کے سابق وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے وزارت واپس لیے جانے کے باوجود سرکاری مراعات چھوڑے سے انکار کر دیا۔ تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی کے رکن فیاض الحسن چوہان کے پاس پنجاب میں اطلاعات کی وزارت تھی جو کہ اب اْن سے وہ واپس لے لی گئی ہے لیکن انہوں نے وزارت کے ساتھ ملنے والی مراعات واپس کرنے سے انکار کر دیا ہے۔فیاض الحسن چوہان کے پاس موجود سرکاری دفتر اور گھر کے سٹاف نے بتایا ہے کہ سابق وزیر کا کہنا ہے کہ جلد دوبارہ وزارت مل جائے گی اس لیے سامان
یہاں سے لے کر جانے کا فائدہ نہیں ہے۔یاد رہے کہ اطلاعات کی وزارت صمصام بخاری کو دے گئی ہے لیکن فیاض الحسن چوہان نے سرکاری گاڑیاں، گھر اور دفتر پنجاب حکومت کو واپس نہیں کیے۔فیاض الحسن چوہان کو ہندوؤں کے خلاف تعصب پر مبنی بیان دینے کی وجہ سے وزارت سے ہٹایا گیا تھا۔یاد رہے کہ تحریک انصاف حکومت نے حکومت میں آنے سے پہلے اور بعد میں اعلان کیا تھا کہ پاکستان سے بادشاہی نظام اور پروٹوکول کو ختم کیا جائے گا لیکن اب تحریکِ انصاف کے ہی صوبائی اسمبلی کے رکن کی جانب سے سرکاری مراعات پر ناجائز طریقے سے قبضہ کیا گیا ہے جو کہ خود تحریکِ انصاف کے منشور کے خلاف ہے۔