ملتان (این این آئی)ملتان کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کچے کے علاقے کے بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول اور اس کے بھائی سمیت 20 مجرموں کو 18، 18 مرتبہ سزائے موت دینے کے علاوہ 18 سال سے کم عمر کے 2 ملزمان کو 19، 19 مرتبہ عمر قید کی سزا سنادی۔ملتان کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک نے چھوٹو گینگ، سیکھانی گینگ، اندر گینگ اور چگوانی گینگ سے تعلق رکھنے والے ملزمان کو جرم ثابت ہونے سزا سنائی۔خیال رہے
کہ 20 اپریل 2016 کو راجن پور میں 23 روز تک جاری رہنے والے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن ضرب آہن کے دوران چھوٹو گینگ کے سربراہ غلام رسول عرف چھوٹو نے اپنے 13 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیئے تھے۔واضح رہے کہ پولیس نے وزارت داخلہ کی اجازت کے بعد ’چھوٹو گینگ‘ کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کا آغاز کیا تھا، آپریشن میں 7 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اور 24 اہلکاروں کو یرغمال بنائے جانے کے بعد فوج کو طلب کیا گیا تھا، جس نے 16 اپریل کو آپریشن کا چارج سنبھالا تھا