کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ داخل مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش جبکہ زیارت سمیت دیگر علاقوں میں برفباری کے باعث زمینی رابطے معطل ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق بارش برسا نے والی مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد کوئٹہ ،
سبی ،دھاڈر ،مستونگ ، نوشکی ،صحبت پور ، ژوب،نصیرآباد،مکران،رخشان ڈویژن، شیلاباغ، قلعہ عبداللہ، گلستان، خانوزئی، برشور، بوستان اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ کوئٹہ چمن شاہراہ پر کوژک ٹاپ ، زیارت اور کان مہترزئی میں شدید برفباری کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کے بعد کوئٹہ زیارت روڈ کو بھی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق بارشوں کے نئے سلسلے سے پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، قلات اور خضدار کے اضلاع کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے جس کے بعد پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے صوبے کے شمال مشرقی اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران بلوچستان کے کئی شہروں میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3، قلات میں 2، دالبندین میں 7، بارکھان میں 8، سبی میں 14، تربت میں 15، گوادر اور ڑوب میں 16، لسبیلہ میں 17 جب کہ زیارت میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں پنجگور میں 4 اور ماڑہ میں 3 ملی میٹر بارش بھی ریکارڈ ہو چکی ہے۔