اسلام آباد(این این آئی)پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بورڈ آف انکوائری نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بورڈنگ برج کے انہدام کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کو پیش کر دی ہے۔ڈائریکٹر جنرل سی اے اے نے گرنے والے بورڈنگ برج کی ٹھیکیدار کمپنی کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی بغیر کسی اضافی معاوضے کے برج کو دوبارہ تعمیر کرے۔رپورٹ کے مطابق حادثے کے ذمہ دار
سی اے اے کے اہلکاروں کے خلاف بھی ضابطے کی کارروائی کا حکم دیا گیا ٗ انکوائری کمیٹی نے ذمہ دار کمپنی کے ڈیفیکٹ لائبلیٹی پیریڈ کو بھی مزید ایک سال تک توسیع دینے کی سفارش کی ہے۔انکوائری کمیٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈیزائن کنسلٹنٹ کے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کی ہے، کمیٹی نے ایئرپورٹس کے اہم کاموں کی آؤٹ سورسنگ کو روکنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اہم منصوبوں کے لیے مستقل بنیادوں پر بھرتیاں کی جائیں۔