کوئٹہ (آئی این پی) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز کوئٹہ ڈویژن واصف علی مغل نے کہا ہے کہ ریلویز کوئٹہ ڈویژن میں مشتہر ہونے والی سات سو خالی آسامیوں پر 35ہزار سے زائد درخواستیں جمع ہوئی ہیں ، وفاقی حکومت کے وژن کے عین مطابق روزگار کی فراہمی مکمل میرٹ اور شفافیت کے ساتھ یقینی بنائیں گے کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے ، پی ایم پیکج اور ٹی ایل ورکرز کو مستقل کیا جارہا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ریلوے ایمپلائز پریم یونین ( سی بی اے) بلوچستان کے صدر ارشد یوسفزئی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کے مسائل کے حل کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلو یز کوئٹہ ڈویژ ن میں بھرتی کے لئے سات سو آسامیوں پر35ہزار سے زائد امیدوارں کی درخواستیں جمع ہوئی ہیں ان درخواستوں کی جانچ پڑتال کاکام جاری ہے جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹیسٹ و انٹرویوز کے لئے کال لیٹرجاری کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں بھرتیوں کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے ہم کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے اور صرف میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کو بھرتی کیا جائے گاانہوں نے کہا کہ پی ایم پیکج کنٹریکٹ اور ٹی ایل پر کام کرنے والے ملازمین کی مستقلی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ہم نے ان کی فہرستیں مرتب کرکے ہیڈ کوارٹر کو بھیج دی ہیں وہاں سے جو بھی احکامات آئیں گے ان پر عملدرآمد کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کا ملکی تعمیر و ترقی میں انتہائی اہم کردار ہے اس قومی ادارے کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ملازمین محکمے کی مزید ترقی اور نیک نامی کے لئے کام کریں آخر میں پریم یونین کے صوبائی صدر ارشد یوسفزئی نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر ڈی ایس ریلوے کا شکریہ ادا کیا ۔