اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آبادی کے لحاظ سے دنیا کے چھٹا بڑا ملک پاکستان گدھوں کی آبادی میں بھی نمبر لے گیا ، گدھوں کی آبادی کے لحاظ سے تیسرا بڑا ملک بن گیاجبکہ اس فہرست میں ایتھوپیا پہلے اور چین دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کی رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں گدھوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور صرف لاہور شہر میں گدھوں کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔حکومت نے گدھوں کی بہتر صحت کیلئے ڈونکی اسپتال قائم کر دیاہے جہاں نہ صرف بیمار
گدھوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے بلکہ ان کو لاحق بیماریوں سے بچائوں کی ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ لاہور شہر میں گدھوں کا کاروبار اچانک چمکنے سے گدھے پالنے والوں کی بھی چاندی ہو گئی ہے۔ گدھوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ گدھا پال اسکیم منافع بخش ہےکیونکہ 35 سے 55 ہزار روپے تک کا گدھا روزانہ 800 سے ایک ہزار روپے تک انہیں کمائی کر کے دے رہا ہے۔گدھا مالکان کے مطابق ایک گدھا چار سال کی عمر میں کمائی کرنے لگ جاتا ہے اور مسلسل 12سال تک مالک کیلئے روزگار کا ذریعہ بنا رہتا ہے۔