اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میں حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران وزیراعظم ہا ؤ س کے لیئے خریدی گئی بھینسوں کی تفصیلات پیش کر دیں،پانچ سالوں میں 14لاکھ سے زائد مالیت کی 8بھینسیں مع کٹوں کے خریدیں گئیں،سب سے مہنگی بھینس مع کٹا 22دسمبر 2015 کو خریدی گئی جس کی قیمت دو لاکھ 20ہزار روپے ہے،پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی سید جاوید حسنین کے سوال کے تحریری جواب میں وزیر انچارج برائے وزیر اعظم آفس نے ایوان کو بتایا کہ یکم اکتوبر 2013کو
ایک بھینس مع کٹا ایک لاکھ 40ہزار جبکہ ایک بھینس مع کٹا ایک لاکھ 35 ہزار روپے کی خریدی گئی ،یکم اپریل 2014 کو ایک بھینس مع کٹا ایک لاکھ 70 ہزار جبکہ 4جون 2014 کو ایک بھینس مع کٹا ایک لاکھ 58ہزار کی خریدی گئی ،21اکتوبر 2014کو ایک بھینس مع کٹا ایک لاکھ 80 ہزار جبکہ 22دسمبر 2015 کو ایک بھینس مع کٹا دو لاکھ 20ہزار روپے کی خریدی گئی،10 مارچ2016 کو ایک بھینس مع کٹا دو لاکھ 10ہزار جبکہ 14جولائی 2017 کو ایک بھینس مع کٹا ایک لاکھ 91 ہزار روپے کی خریدی گئی۔