لاہور (این این آئی) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر اعتزاز احسن نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہمیشہ سے چاہتی ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے ،حکومت خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارے تو یہ الگ بات ہے ،کوئی شک نہیں کہ احتساب ٹھیک ہورہا ہے لیکن حکومت کے اتحادیوں کے خلاف ایکشن نہ ہونا سوالیہ نشان ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اعتزاز احسن نے کہاکہ پارلیمانی ماحول کو قابل برداشت رکھنا حکومت کاکام ہے ، حکومت کے وزراء لانگ ہینڈ بیٹ سے بیٹنگ کررہے ہیں۔
وزراء تحمل سے کھیلیں تو ممکن ہے اننگز پوری کردیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہمیشہ سے چاہتی ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن اگر حکومت خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارے تو یہ الگ بات ہے ۔ہم نے یہی رویہ (ن) لیگ کے ساتھ بھی رکھا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی شک نہیں کہ احتساب ٹھیک ہورہا ہے لیکن حکومت کے اتحادیوں کے خلاف ایکشن نہ ہونا سوالیہ نشان ہے ۔ یکطرفہ احتساب کی حمایت نہیں کی جاسکتی ، یکطرفہ احتساب سے حکومت پر بھی انگلیاں اٹھ رہی ہیں ۔