لاہور (نیوز ڈیسک) تجاوزات آپریشن کے دوران وزیراعظم عمران خان کی والدہ کی قبر بھی زد میں آ گئی، وزیراعظم کی والدہ کی قبر کا احاطہ مسمار کر دیا گیا، لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے میاں میر قبرستان میں بنائے گئے احاطے مسمار کرکے اراضی واگزار کرانے کے لیے آپریشن کیا گیا جس میں وزیراعظم عمران خان کی والدہ کی قبر کا احاطہ بھی گرا دیا گیا، واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے قبرستان میں سو سے زائد غیر قانونی احاطوں
کی نشاندہی کی گئی تھی جن میں وزیراعظم کی والدہ شوکت خانم (مرحومہ) کی قبر کا احاطہ بھی شامل تھا، قبرستان میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بلا امتیاز آپریشن کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے خاندان کا احاطہ بھی غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کر دیا گیا، اس احاطے میں ان کی والدہ کی قبر کے علاوہ دیگر رشتہ داروں کی بھی قبریں ہیں، اس کے علاوہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے رشتہ داروں کی قبروں کا احاطہ بھی گرا دیا گیا ہے۔