استنبول (نیوز ڈیسک) ترکی میں قومی ٹی وی سے نشر ہونے والے ایک ریالٹی ٹیلنٹ شو میں شرکت پر گلوکارہ کو گولی مار دی گئی۔ 19سالہ متلو کایا کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ گھر پر شو کیلئے گانے کی پریکٹس میں مصروف تھیں۔ گولی متلو کے سر کا نشانہ لے کے ماری گئی اور ان کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ متلو کا تعلق جنوب مشرقی ترکی سے ہے جسے قدامت پرست ترکی بھی کہا جاتا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس علاقے میں خواتین سیاسی طور پر بے حدطاقتور ہیں اور شہر کی میئر سمیت نصف تعداد میں ایم پی ایز بھی خواتین ہیں تاہم اس کے باوجود بھی علاقے کی عوام نے متلو کی گلوکاری کے مقابلے میں شرکت کو پسند نہ کیا۔ انہیں کچھ عرصے سے دھمکیاں دی جارہی تھیں تاہم وہ انہیں خاطر میں نہ لائیں۔ مذکورہ ٹیلنٹ شو بریٹینز گاٹ ٹیلنٹ کی طرز پر بنایا گیا شو ہے اور اس میں متلو کی مینٹر مقامی لوک گلوکارہ تھیں۔