کولمبو(آئی این پی)انگلش ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جوروٹ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں کامیابی ٹیم کا بڑا کارنامہ ہے، اب اگلا ہدف عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا ہے اور مقصد کے حصول کیلئے ٹیم کو
فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انگلینڈ نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 57 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ میچ میں فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انگلش قائد نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بہت شاندار رہا ہے، مجموعی طور پر ہماری پوزیشن مستحکم تھی لیکن ایک موقع پر ہم دبا میں آ گئے تھے تاہم بالرز نے جس طرح سے کم بیک کیا وہ قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نے 17 سال بعد سری لنکا کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے جو کہ ٹیم کی بڑی کامیابی ہے، فتح سے کھلاڑی بہت خوش اور پر جوش ہیں، سیریز میں فیصلہ کن برتری کے باوجود آخری ٹیسٹ میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ اب اگلا ہدف رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے پر مرکوز ہے اور مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو مستقبل میں ہونے والے ٹیسٹ میچز میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔