ڈھاکہ (این این آئی)سٹار بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے انجری سے نجات پانے کے بعد دوبارہ پریکٹس شروع کر دی ۔تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر انگلی کی انجری میں مبتلا ہوئے تھے جس کے باعث وہ ایشیا کپ فائنل اور زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر نے کہا کہ میں نے بیٹنگ پریکٹس شروع کر دی ہے اور
بیٹنگ کے دوران مجھے انگلی میں کوئی تکلیف محسوس نہیں ہوئی، اب جلد ہی باؤلنگ اور فیلڈنگ پریکٹس شروع کرنے کیلئے پر امید ہوں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ہوم سیریز میں شرکت کے بارے انہوں نے کہا کہ میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن ٹیم میں کم بیک کرنے کیلئے بے تاب ہوں، اگلے سات دنوں تک اگر مزید تکلیف نہ ہوئی تو میرے لئے کم بیک کے حوالے سے فیصلہ کرنے میں آسانی ہو گی۔