امریکہ میں ٹرین چلانے والے کو ڈرائیور کے بجائے انجینئر کیوں کہا جاتا ہے؟گذشتہ ہفتے فیلاڈیلفیا میں ایمٹریک ٹرین حادثے کے بعد یہ بات کھل کر سامنے آئی ہے۔اگرچہ آج ٹرین ڈرائیوروں کے لیے ’انجینئیر‘ کا استعمال برطانیہ کے علاوہ بہت سارے خطے میں کانوں کو غیر مانوس لگے لیکن 19 ویں صدی میں برطانیہ میں بھی کچھ دنوں کے لیے انھیں انجینیئر کہا گیا تھا۔’انجینیئر‘ کا استعمال ایسے شخص کے لیے ہوتا ہے جو کسی قسم کی مشین یا انجن کا ڈیزائن بنائے یا اسے تیار کرے اور اس کا استعمال 13 ویں صدی سے جاری ہے اور آج تک اسے برطانیہ اور امریکہ سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں اسی طرح ہو رہا ہے۔ریل گاڑی چلانے والے کے لیے ڈکشنری میں ڈرائیور کے علاوہ انجینیئر کا بھی ذکر ہےلیکن برطانوی ماہر لغات سوزی ڈینٹ کا کہنا ہے کہ ’اس کا استعمال کسی مشین کو ڈیزائن کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے چلانے والے کے لیے بھی ہو سکتا ہے۔‘سنہ 1730 کی دہائی سے شمالی امریکی انگریزی میں انجینیئر کا استعمال ’انجن مین‘ کے مترادف کے طور پر بطور خاص ڈرائیور یا فائر انجن کو چلانے والے کے لیے ہوتا رہا۔ اس کے بعد بھاپ سے چلنے والی کشتی اور ٹرین کے ڈرائیوروں کے لیے بھی ہونے لگا۔آکسفورڈ انگلش ڈکشنری کے مطابق پہلے پہل ڈرائیور کے طور پر اس کا استعمال سنہ 1816 میں برطانیہ میں ہوا جب ایسیاٹک جرنل میں یہ بات سامنے آئی۔ اس میں لکھا تا کہ ’نیوکیسلم میں ایک شخص جو خود کو انجینیئر کہتا ہے کی غلطی سے ایک لوکوموٹِو انجن پھٹ گیا جس میں بہت سے لوگوں کی جانیں گئیں۔سوزی ڈینٹ کا کہنا ہے کہ یہ استعمال بحراوقیانوس کے پار بھی گیا اور امریکی انجینیئرکا استعمال لغوی طور پر زیادہ کرتے ہیں۔بچوں کے کارٹون کا جب امریکی انگریزی ترجمہ ہوا تو ڈرائیور کو انجینیئر کر دیا گیاآج برطانیہ یا برصغیر میں کہیں بھی ڈرائیور کے لیے انجینیئر کے لفظ کا شاذ و نادر ہی استعمال ہوتا ہو تو ہو لیکن 19 ویں صدی میں وجود میں آنے والی ایک تنظیم کا نام ’ایسوسی ایٹیڈ سوسائٹی آف لوکوموٹیو انجینیئرز اینڈ فائر مین‘ (ایسلف) ابھی بھی نظر آتا ہے۔ایسلف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس نام میں اس وقت کا مستعمل مفہوم شامل ہے۔آکسفورڈ انگلش ڈکشنری کی سابق ایڈیٹر جیسی شیڈلوور کا کہنا ہے کہ ’امریکی ٹرین چلانے والے کے لیے کبھی بھی ڈرائیور لفظ کا استعمال نہیں کریں گے بلکہ انھیں انجینیئر ہی کہیں گے۔ یہ امریکی انگریزی کی قدیم خصوصیت ہے اور اس کا استعمال سنہ 1830 کی دہائی کے اوائل سے ہو رہا ہے۔‘
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں