اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ایپل کمپنی ہمیشہ اپنے انقلابی ڈیزائن اور خیالات کی وجہ سے مشہور رہی ہے، اب تازہ اطلاعات کے مطابق ایپل ایک مرتبہ پھر ایسا ہی کچھ کرنے جارہا ہے۔کمپنی کی جانب سے جمع کرائی گئی ’پیٹنٹ درخواست‘ سے معلوم ہوتا ہے کہ ایپل اپنے ’ہوم بٹن‘ کو انقلابی شکل دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کے مطابق مستقبل میں آپ آئی فون پر ’ہوم بٹن‘ کے ذریعے اپنا فون مکمل طور پر کنٹرول کرسکیں گے اور اس کی مدد سے فون پر ‘navigate’ بھی کرسکیں گے۔ مثال کے طور پر اگر آپ کوئی گیم کھیل رہے ہیں جس میں آپ نے نشانہ لگانا ہے تو آپ سکرین پر انگلی پھیرنے کی بجائے ’ہوم بٹن‘ پر رکھے رکھے اپنا انگوٹھا ہلا کر نشانہ لگاسکتے ہیں۔ اس طرح آپ کی انگلیاں آپ کی آنکھوں اور سکرین کے درمیان حائل نہیں ہوں گی۔ ابھی آپ ’ہوم بٹن‘ سے ہوم سکرین پر جاسکتے ہیں، فنگر پرنٹ کے ذریعے ایپس خرید سکتے ہیں اور دبائے رکھ کر ’سری‘ سافٹ ویئر لانچ کرسکتے ہیں۔ اب مستقبل قریب میں آپ صرف ایک بٹن سے مکمل طور پر اپنا فون کنٹرول کرسکیں گے۔ تاہم یہ واضح رہے کہ فی الحال یہ صرف ایک پیٹنٹ کی درخواست ہے اور ایپل اپنے کس ماڈل میں اس کا عملی تجربہ کرتا ہے، اس حوالے سے تفصیلات تاحال منظر عام پر نہیں آئیں۔