لندن(آئی این پی)سابق قومی کپتان مشتاق محمد نے تجویز پیش کی کہ ابتدائی دو اننگز کو 100 اوورز تک محدود کردینا چاہیے۔مشتاق محمد کا کہنا ہے کہ ابتدائی دو اننگز کو 100 اوورز تک محدود کردینا چاہیے لیکن تیسری اور چوتھی اننگز میں اس کی کوئی قید نہیں ہونی چاہیے، ٹیسٹ کرکٹ تمام طرزوں کی بنیاد ہے، اسے تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا، انھوں نے یہ بات ٹیسٹ کرکٹ کے احیا سے متعلق ایک مباحثے میں کہی، جس میں ان
کے ہمراہ ڈیوڈ گاور اور فرخ انجینئرنے بھی حصہ لیا۔اس موقع پر سابق انگلش کپتان گاور نے چار روزہ ٹیسٹ میچز کی حمایت کی،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئندہ برس شروع ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی اس سلسلے میں درست قدم ہے، اگر اچھی وکٹیں بنیں گی اور معیاری کھیل دیکھنے کو ملے گا تو یقینی طور پر اس فارمیٹ میں بھی لوگوں کی دلچسپی بڑھے گی،تینوں شرکا نے ڈے نائٹ کرکٹ کو مثبت پیشرفت قرار دیا۔