کولمبو(آئی این پی) سری لنکا میں ہنگامی صورتحال کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ورلڈکپ فاتح سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا کو پیر کے روز گرفتار کرلیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دنوں سری لنکا میں صورتحال انتہائی کشیدگی کا شکار ہے، گزشتہ دنوں صدر سری سینا کی جانب سے سری لنکن وزیراعظم کو برطرف کیا گیا تھا جس کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔سابق ورلڈکپ کپتان ارجنا رانا ٹنگا وزیر پیٹرولیم کے فرائض سرانجام دے رہے تھے تاہم گزشتہ روز ان کے سکیورٹی
گارڈ کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔فائرنگ کا یہ المناگ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر پٹرولیم رانا ٹنگا کی سرکاری دفتر آمد کے موقع پر مظاہرین نے گھیرا کیا۔ ایسے میں وزیر پٹرولیم کے گارڈ نے فائرنگ کردی اور اس کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو افراد زخمی بھی ہوئے۔واضح رہے کہ سری لنکا کو 1996ورلڈکپ کا تحفہ دینے والے رانا ٹنگا کو دو روز قبل صدر میتھری پالا سری سینا نے وزیراعظم کی تعیناتی کے بعد کابینہ تحلیل ہونے پر برطرف کردیا تھا۔