لاہور(آئی این پی) سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو ہٹانے اور پنجاب میں عدم اعتماد کی تحر یک نہیں لانا چاہتے ‘ضمنی انتخابات کے نتائج جتنی جلدی سے آئے اس سے لگتا ہے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن بھی (ن) لیگ کے خلاف سازش کاحصہ رہا اس لیے انتخابی نتائج اگلے دن بھی نہیں آئے تھے ‘
آج اسحاق ڈار کو ٹھیک کر نیوالے اسد عمر جیسے نااہل لوگ ملک اور قوم کیلئے تباہی لا رہے ہیں ‘ہم چاہتے ہیں وفاقی اور پنجاب حکومت کام کریں مگر آئے روز یوٹرن نہ لیں ۔ اتوار کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایاز صادق نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت نے 45دنوں میں ہی قوم کا جینا مشکل کردیا ہے اور ہم چاہتے ہیں یہ حکومت کریں کیونکہ یہ جتنی دیر حکومت کر یں گی یہ قوم کے سامنے اتنا زیادہ ایکسپوز ہوں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہم پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ بھی جائے تو حکومت کے خلاف کوئی عدم اعتماد کی تحر یک نہیں لائیں گے اور وفاقی حکومت کو بھی ہٹانے کی ہمیں جلد ی نہیںیہ خود ہی اپنے بوجھ سے گر جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے دوران لاہور سمیت پورے ملک میں سینکڑوں حلقوں کے نتائج انتخابات کے اگلے دن آئے مگر آج ان حلقوں میں شام سات بجے ہی نتائج آئے جس سے لگتا ہے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن بھی (ن) لیگ کے خلاف سازش کاحصہ رہا اس لیے انتخابی نتائج اگلے دن بھی نہیں آئے تھے ۔