اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف مرتضیٰ بھٹو کی بیٹی فاطمہ بھٹو میدان میں آ گئی ہیں، بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں فاطمہ بھٹو نے سنگین الزامات لگا دیے، فاطمہ بھٹو نے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان میں خوف اور دھونس کے بے تحاشا کیس سامنے آتے رہتے ہیں مگر یہ حکومت بھی بدقسمتی سے ان کے خاتمے کے لیے کوئی اقدام اٹھاتی نظر نہیں آ رہی ہے۔ فاطمہ بھٹو نے کہا کہ حکومت کوئی ایسے اقدامات نہیں کر رہی جن سے خواتین کو بااختیار بنایا جا سکے۔
جب ان سے بلاول بھٹو کی سیاست کے متعلق سوال پوچھا گیا تو اس کے جواب میں فاطمہ بھٹو نے کہا کہ وہ نوجوان ہے اور بہت سے صدمات سے گزرا ہے، میں امید کرتی ہوں کہ وہ اچھا ہو جائے گا، میں اس کے صرف شخصی طور پر اچھا ہونے کی خواہش کرتی ہوں، میں اس کی سیاست پر تبصرہ کرنے کو ترجیح نہیں دوں گی۔ ایک موقر انگریزی اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ فاطمہ بھٹوکا کہنا ہے کہ میں عمران خان کے طرزِ سیاست کی شروع سے نقاد رہی ہوں کیونکہ ان کی سیاست موقع پرستی پر مبنی ہے۔