لاہور(این این آئی)تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 16 سے 20 اکتوبر تک ابوظہبی میں کھیلا جائیگا اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ بغیر کسی فیصلہ کے ختم ہوگیا تھا۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے باہمی ٹیسٹ میچز میں کینگروز کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 63 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جن میں آسٹریلوی ٹیم 31
اور پاکستانی ٹیم 14 میں کامیاب رہی۔ پاکستان اورآسٹریلیاکی ٹیموں کے مابین (منگل ) کو ابو ظہبی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ابو ظہبی میں پاکستان اورآسٹریلیاکی ٹیموں کے مابین ہونے والے میچ میں اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دی جائے گی ۔ زخمی امام الحق کی جگہ اننگز کا آغاز فخر زمان اور محمد حفیظ کریں گے جبکہ آؤٹ آف فارم فاسٹ بولر وہاب ریاض کی جگہ میر حمزہ لیں گے۔