واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد اور جنوبی شہر بصرہ میں امریکا کے سفارتی مشنوں کو دی جانے والی دھمکیوں کے پیچھے ایران کا ہاتھ کارفرما ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق انھوں نے محکمہ خارجہ واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں امریکیوں کو دی جانے والی تازہ دھمکیوں کا منبع ایران ہے۔اس ضمن میں ہماری انٹیلی جنس بہت مضبوط ہے۔ہم آیت اللہ اور ان کے پیروکاروں کے امریکا پر حملوں میں ہاتھ
دیکھ سکتے ہیں ۔انھوں نے ایران پر الزام عاید کیا کہ اس نے عراق اور مشرقِ اوسط میں دہشت گردی کے لیے ملیشیاؤں کو رقوم مہیا کی ہیں اور اس نے خطے میں اپنی تخریبی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔امریکی وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ عراقی حکومت ایران کے کہنے پر نہیں چلیگی ۔انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امریکا ہمیشہ عراقی عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہوگا ۔انھوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ عراقی وزیراعظم اپنے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں گے۔