لاہور(این این آئی)سپیکر پنجاب ااسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے نئی موٹر وے سمیت متعدد بڑے منصوبوں کا اعلان کردیا، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ گجرات لاہور موٹروے کی تعمیر اور اس پر غیر ملکی یونیورسٹیوں کے قیام سمیت ہمارے پچھلے دور کے روکے گئے تمام منصوبے انشاء اللہ مکمل ہوں گے، ترقی کا سفر جہاں روکا گیا تھا وہیں سے دوبارہ شروع ہو گا،
تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، عمران خان کی نیت صاف اور سوچ مثبت اور کام کرنے کا جذبہ بھی ہے جب حکمرانوں کی نیت ٹھیک اور ادارے پختہ ہوں تو اللہ کے کرم سے پھر سب ٹھیک ہوتا ہے۔ وہ گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایکسپورٹ ڈسپلے سنٹر کے فیز II کے افتتاح اور پہلے اچیومنٹ ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے چیمبر کے سابق صدور اور اعلیٰ کارکردگی دکھانے والوں میں میڈلز اور شیلڈز تقسیم کیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گجرات چیمبر کیلئے جگہ اور فنڈز ہم نے پاکستان مسلم لیگ کی حکومت میں فراہم کیے تھے، مجھے خوشی ہے کہ گجرات کا نام پوری دنیا میں آپ لوگوں نے اجاگر کیا، بطور وزیراعلیٰ میں نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور، فصل آباد گارمنٹس سٹی، ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ، کے پراجیکٹ متعارف کروائے، یہ منصوبے بڑی کامیابی کے ساتھ ترقی کر رہے ہیں، لاہور گجرات موٹروے اور اس پر جرمن اور سویڈش یونیورسٹیوں کے قیام کا منصوبہ پچھلی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکا، اب میری کوشش ہو گی کہ گجرات میں ایک اور انڈسٹریل اسٹیٹ قائم ہو، سابقہ حکومت نے پنجاب میں ہسپتالوں کا جو حال کیا ہے اس سے مریض پناہ مانگتے ہیں، چیف جسٹس سپریم کورٹ نے جس ادارے کا بھی دورہ کیا اس میں کرپشن کے پہاڑ نکلے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں فین، پاٹری، فرنیچر انڈسٹری نے بہت ترقی کے،
ان کے مسائل ہم نے ترجیحی بنیادوں پر حل کیے تھے، اس موقع پر چیمبر کے صدر علی اصغر گھمن نے کہا کہ ہم چودھری پرویزالٰہی کے گرانٹ اور چیمبر کیلئے جگہ دینے پر مشکور ہیں اور انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ جلال پور جٹاں روڈ کو کشادہ کر کے دو رویہ کر دیا جائے اس سے موٹر وے کا کام لیا جا سکتا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے شفیق الرحمان، افتخار دیوان، طارق بلال، شیخ ابرار، انصر گھمن، چودھری امجد فاروق، اشفاق احمد رضی، شیخ ابرار سعید، حاجی محمد افضل، حاجی محمد الیاس، میاں محمد اعجاز، عثمان مظفر، قمر زمان اور انیلہ پرویز کو میڈلز اور شیلڈیں دیں جبکہ اس موقع پر میاں عمران مسعود، ندیم اختر ملہی، طارق دراجی، بوبی پہلوان اور ساجد منظور اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔