واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا کی مشرقی ساحلی پٹی پر سمندری طوفان فلورینس کے اثرات نمایاں ہونے لگے، جس کی شدت کیٹیگری 1ہوگئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیرولائنا میں تیزہواؤں کے جھکڑ اور بارشوں سے سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے،پانچ ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کی جاچکی ہے۔نارتھ کیرولائنا میں سمندر میں لہریں بلند ہوگئیں،پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، متاثرہ علاقوں میں 13 سو سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔طوفان کے باعث سمندر میں طغیانی ہے،بلند لہروں کے باعث پانی رہائشی علاقوں میں داخل
ہوگیا، تیز ہواؤں کے باعث ایک لاکھ سے زائد گھروں اور دفاتر کی بجلی منقطع ہوگئی ہے۔دونوں کیرولائنا اور ورجینیا سے 10لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے احکامات دیئے گئے ،حکام نے خبردار کیا کہ طوفان کے باعث ہلاکتیں بھی ہوسکتی ہیں، اس وقت طوفان جنوبی کیرولائنا کے مائرٹل بیچ کے مشرق میں ہے،ہواؤں کی رفتار 165 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔طوفانی ہواوں اور سمندری پانی ساحلی علاقوں میں داخل ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں،طوفان کی وجہ سے شمالی کیرولائنا ، جنوبی کیرولائنا، جارجیا، میری لینڈ اور ورجینیا میں پہلے ہی ہنگامی حالت نافذ کی جاچکی ہے۔