ابو ظہبی (آئی این پی) متحدہ عرب امارات میں شراب نوشی پر سزا کے قانون پر برطانوی قونصل خانے نے برطانوی شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے انتباہ جاری کیا ہے کہ شراب نوش سیاح کو سزا اور جرمانے کا سامنا ہو سکتا ہے اس لئے احتیاط برتی جائے، برطانیہ کے شہریوں کو اماراتی رسم و رواج کی پاسداری کرنی چاہیے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانوی قونصل خانے نے برطانوی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اماراتی شہروں میں شراب نوشی کرنے پر سیاحوں کو پکڑا گیا تو انہیں سزا اور جرمانیکا سامنا کرنا پڑے گا۔تفصیلات کے مطابق سیاحت کی غرض سے متحدہ عرب امارات کا سفر اختیار کرنے والے برطانوی شہریوں کو حکومت نے خبردار کیا ہے کہ امارات کے سفر کے دوران شراب پینے والے سیاحوں کو جیل جانا پڑسکتا ہے۔برطانوی حکام کی جانب سے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے سیاحوں کو پہلے بھی بغیر لائسنس شراب نوشی کرنے پر اماراتی عدالتیں قید کی سزائیں دے چکی ہیں۔برطانوی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں شراب نوشی ممنوع ہے، برطانیہ کے شہریوں کو اماراتی رسم و رواج کی پاسداری کرنی چاہیے۔قونصل خانے نے برطانوی شہریوں کو متبنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی بھی سیاح بغیر لائسنس ممنوع اشیا لے جاتے یا نوش کرتے ہوئے پکڑا گیا یا ان کے میڈیکل چیک اپ کے دوران خون میں شراب شامل ہوئی تو انہیں بھاری جرمانے یا سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔یاد رہے کہ 31 اگست کو دبئی کی عدالت نے برطانوی سیاح کو شراب پینے، دو پولیس افسران پر تشدد کرنے اور پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل بھیج دیا۔عدالت نے برطانوی شخص پر الزام ثابت ہونے پر بغیر لائسنس کے شراب پینے، خاتون پولیس افسر پر تشدد کرنے اور پولیس کار کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا سناتے ہوئے ٹرائل پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کو رواں برس 6 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔