نئی دہلی(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں کی سائٹس کا جائزہ لینے کے لیے بھارت نے پاکستانی ماہرین کو دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ حال ہی میں لاہور میں ہونے والے دونوں ملکوں کے انڈس واٹر کمشنروں کے مذاکرات میں مستقل انڈس کمیشن کے کردار کو مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت کی آبی وسائل کی وزارت کے سیکرٹری یو پی سنگھ نے کہاکہ پاکستانی ماہرین کو
سندھ طاس معاہدے کی شقوں کے تحت سائٹس کے دورے کی دعوت دی گئی ہے ۔جن منصوبوں کی سائٹس پر پاکستانی ماہرین کو بلایا گیا ہے ان میں دریائے چناب پر پکال دل اور لوئر کلنائی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹس شامل ہیں ۔بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ حال ہی میں لاہور میں ہونے والے دونوں ملکوں کے انڈس واٹر کمشنروں کے مذاکرات میں مستقل انڈس کمیشن کے کردار کو مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔