اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عدالتی تعطیلات کی وجہ سے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلوں پر سماعت کا آغاز نو ستمبر کے بعد ہو گا، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی مزید ایک ماہ تک رہائی کا کوئی امکان نہیں ہے، موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد اپیلوں پر بحث کئی روز تک چلے گی۔ اس کے علاوہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف
تین نیب انکوائریاں بھی تیز کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم نامے کی رُو سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کا فیصلہ سزا کے خلاف اپیل کے فیصلے کے ساتھ ہو گا۔ عدالتی تعطیلات 9 ستمبر تک ہیں اس طرح جب سماعت کا آغاز ہوگا تو وکیل صفائی دس روز تک دلائل دیں گے جبکہ نیب پراسیکیوٹرز پانچ روز سے زائد کا وقت لیں گے۔رپورٹ کے مطابق اس طرح اپیلوں کے فیصلے میں ہی ایک ماہ سے زیادہ کاعرصہ لگ سکتا ہے۔