کراچی(سی پی پی)آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے یومِ آزادی پر عوام کے جوش و خروش اور جذبہِ حب الوطنی کو بے مثال اور لازوال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے 71ویں یومِ آزادی پر خرید و فروخت کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ، خواتین، بچوں اور نوجوانوں نے عید کی طرح یومِ آزادی پر بھی سبز ہلالی پرچموں پر مشتمل کپڑے سلوائے ،قوم کے حب الوطنی کے جنون نے یومِ آزادی کو تیسری عید کا درجہ دے دیا۔
تیرہ اگست کی رات چاند رات بن گئی، لاتعداد شہری گھروں سے باہر جھومتے ، ناچتے اور گاتے رہے ، پاکستان زندہ باد کے پرجوش نعروں سے پورا شہر گونجتا رہا، شہر میں ہر جانب قومی اور ملی نغموں کی گونج سنائی دیتی رہی، رواں سال جشنِ آزادی پر 20ارب روپے کی ریکارڈ خریداری کی گئی،گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں اور تاجروں نے ملک کے 71ویں یومِ آزادی پر وطن، قوم، افواجِ پاکستان اور رینجرز سے اظہارِ یکجہتی کی نئی تاریخ رقم کردی، رواں سال عوام میں جشن آزادی کا روایتی جوش وخروش اور ولولہ ماضی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ رہا، یومِ آزادی پر عوام نے قافلوں کی صورت میں مزارِ قائد پر جمع ہوکر میلہ سجادیا، انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ قوم کا ملک اور فوج سے عشق جنون کی حد تک بڑھ رہا ہے جو کہ پاکستان کے دشمنوں کو پیغام ہے کہ ان گنت مشکلات کے باوجود پاکستانی عوام ملک و ملت پر نثار ہونے کے لازوال جذبے سے سرشار ہے ،انہوں نے کہا کہ 14اگست سے دو ہفتے قبل ہی شہر سبز ہلالی پرچموں، رنگ برنگے قمقموں اور بینروں سے سجادیا گیا، مارکیٹوں میں سجاوٹ، کیک کاٹنے اور پرچم کشائی کی لاتعداد تقاریب منعقد کی گئیں جن کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ، انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ گلی گلی قومی پرچموں کی فروخت کے اسٹالز لگائے گئے ۔
بازاروں میں جھنڈے ، ٹی شرٹس، بیجز، کیپس، غبارے ، چوڑیاں، ماسک، جھنڈیاں، کانوں کے بندے ، بنیانیں، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کے سبز ہلالی ریڈی میڈ گارمنٹس، دوپٹے ، ملی نغموں کی سی ڈیز، آتش بازی کا سامان، فیس پینٹنگ ، بچوں کی عینکیں، کڑے اور دیگر اشیا کی بھرپور خریداری کی گئی، بیشتر بازار، عمارتیں اور مکان، قومی پرچموں، لائٹنگ، برقی قمقموں اور رنگین جھالروں سے سجائے گئے ،انہوں نے کہا کہ آزادی کی خوشی میں رواں سال بھی ملی نغموں پر مشتمل موسیقی کے پروگرام اور قومی پرچم لہرانے کی ہزاروں تقریبات منعقد کی گئیں۔
یومِ آزادی سے قبل ہی کاروں، بسوں، رکشوں، ٹرکوں اور موٹر سائیکلوں پر جھنڈے لہرائے گئے ،بیشتر مقامات پر دعوتوں کا اہتمام، مٹھائی تقسیم اور آزادی کی سالگرہ کے کیک بھی کاٹے گئے ، ملک کی سالمیت اور بقا کیلئے قرآن خوانی اور دعائیہ اجتماع بھی ہوئے ،عتیق میر نے کہا کہ نومنتخب وفاقی حکومت کیلئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے تحت مثبت اقدامات کا اس سے بہتر موقع نہیں ہے ، حکمران بے اعتمادی کا شکار اور تبدیلی کی خواہاں عوام کا اعتماد بحال کرکے انقلابی اقدامات کیلئے قوم کی بھرپور حمایت حاصل کرسکتے ہیں۔