لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن ) کی جانب سے عام انتخابا ت میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن بنانے کے مطالبے پر مبنی قرار داد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی نو منتخب رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ حالیہ انتخابات کو تمام اپوزیشن جماعتیں متنازعہ قرار دے چکی ہیںاورایک مخصوص جماعت کے علاہ تمام جماعتوں نے انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا۔الیکشن میں ہونے والی
بے ضابطگیوں کے ثبوت بھی سامنے آچکے ہیں۔پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ ایجنٹوں کو گنتی سے قبل باہر نکال دیا گیااورپولنگ ایجنٹوں کو فارم 45 اور 46 نہیں دئیے گئے۔قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ الیکشن نتائج 3 دن بعد موصول ہوئے ہوں۔آر ٹی ایس کا اچانک بیٹھ جانا دھاندلی کے مترادف ہے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے جو 1ماہ میں اس کی رپورٹ پیش کرے۔