اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب، عمران خان قومی شناختی کارڈ گھر ہی بھول آئے، پریذائیڈنگ افسر کے کارڈ طلب کرنے پر جیبوں میں تلاش کرتے رہے، پولنگ ایجنٹ کی رضامندی سے ووٹ ڈالنے کی اجازت ملی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے دوران ووٹ ڈالنے کیلئے آنیوالے عمران خان کیلئے اس وقت پریشان کن صورتحال سامنے آگئی جب اسمبلی میں موجود پریذائیڈنگ افسر نے عمران خان سے
ووٹ کی پرچی دینے سے پہلے شناختی کارڈ طلب کیا ۔ اس پرعمران خان نے شناختی کارڈ کیلئے جیب میں ہاتھ ڈال کر تلاش کرنے کی کوشش کی مگر جیب میں ہاتھ ڈالنے کے بعد عمران خان کو پتہ چلا کہ وہ شناختی کارڈ گھر ہی بھول آئے ہیں، جس پر پریذائیڈنگ افسر نے پولنگ ایجنٹ کی مرضی پوچھی جس پر پولنگ ایجنٹ نے اعتراض نہ کرتے ہوئے ان کو ووٹ کی پرچی دینے پر رضامندی ظاہر کر دی جس پر عمران خان ووٹ کی پرچی لیکر ووٹ ڈالنے کیلئے سپیکر ڈائس پر چلے گئے۔