اسلام آباد(آئی این پی) پارلیمنٹ لاجز کی اچانک لفٹ بند ہونے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر ،شفقت محمود اور فواد چوہدری مشکل میں پھنس گئے ۔اتوار کے روز پاکستان تحریک انصاف کا وفد پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں سے ملاقات کیلئے پارلیمنٹ لاجز پہنچا ۔ ملاقات کے اختتام پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے گراؤنڈ فلور پر جانے کیلئے لفٹ کا سہارا لیا ۔ لفٹ کے اچانک بند ہونے سے تحریک انصاف کے تینوں اہم رہنما لفٹ میں بند ہونے سے مشکل میں پھنس گئے اور ان کے پسینے چھوٹ گئے ۔ ڈیوٹی پر
مامور اہلکاروں نے فوری طور پر لفٹ کو بحال کیا ۔اس صورتحال پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ لفٹ بند ہونے کے باعث ایک مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا اور ایسی حالت میں سب سے زیادہ پریشان شفقت محمود نظر آئے ۔ اسد قیصر نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی بننے کے بعد سب سے پہلے پارلیمنٹ لاجز کی لفٹ کا کام کراوئیں گے تاکہ آئندہ کسی کو ایس صورتحال درپیش نہ آئے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پارلیمنٹ لاجز کی لفٹ بند ہونے کے باعث مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔