لاہور ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ہمارا مک مکا صرف جمہوریت کے ساتھ ہے ، پہلے بھی جمہوریت کا دفاع کیا اور اب بھی کرینگے ،غیرمنتخب قوتوں کی طرف دیکھنا جمہوریت، سیاسی عمل اور نظام کیلئے کسی صورت سود مند نہیں، دھاندلی ہو یا انتخابی اصلاحات ہم سب کو اسکا حل پارلیمنٹ کے ذریعے نکالنا چاہئے۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاکہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی جمہوریت کا دفاع کیا اب کرے گی، ہم نے جو کردار پہلے ادا کیا اب بھی وہی کردار ادا کر رہے ہیں، آج ہمارے ناقدین اور مخالفین بھی جمہوریت کیلئے پی پی پی قیادت کے کردار کا اعتراف کر رہے ہیں، جو کل ہم پر مک مکا کا الزام لگاتے تھے، آج وہ بھی ہماری تعریفیں کر رہے ہیں، ہمارہ مک مکا صرف اور صرف جمہوریت کے ساتھ ہے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ گذشتہ پانچ سال مک مکا کرنے کے بجائے ہم نے جمہوریت کا دفاع کیا، گذشتہ پانچ سال ہم نے اپنا سیاسی نقصان برداشت کیا لیکن جمہوریت کو تہس نہس نہیں ہونے دیا، جمہوریت کو تسلسل دینے والے آصف علی زرداری آج بھی جمہوریت کے استحکام و تسلسل کیلئے کوشاں ہیں، اب بھی ہم جمہوریت کے محافظ کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں اپنا جبکہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور ملک اور جمہوریت کا مفاد دیکھتی ہے،ہماری کوشش ہے کہ تمام سیاسی قوتیں پارلیمنٹ میں بیٹھ کر مسائل کا حل ڈھونڈیں۔مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ غیرمنتخب قوتوں کی طرف دیکھنا جمہوریت، سیاسی عمل اور نظام کیلئے کسی صورت سود مند نہیں، دھاندلی ہو یا انتخابی اصلاحات ہم سب کو اس کا حل پارلیمنٹ کے ذریعے نکالنا چاہئے۔سیاسی جماعتیں بالغ ہو چکی ہیں، امید کرتے ہیں سب ملکر پارلیمنٹ کو مضبوط کریں گے۔