منامہ( مانیٹرنگ ڈیسک)خلیجی ریاست بحرین میں ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون فضائی جنگی بیڑے میں شامل ہونے کے بعد لڑاکا طیاروں کی ہوا باز بن گئیں۔عرب ٹی وی کے مطابق بحرین کی پہلی خاتون جنگی پائلٹ وزیراعظم الشیخ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ کی نواسی الشیخہ عایشہ بنت راشد آل خلیفہ ہیں۔ انہوں نے الشیخ عیسیٰ فوجی اڈے سے ہاک جنگی طیارہ پہلی بار ایک گھنٹے تک اڑا کراپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ۔وزیراعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ نے خاتون ہواباز کو پہلی بار ملک کی تاریخ میں جنگی طیارہ اڑانے کی
صلاحیت حاصل کرنے پرمبارک باد پیش کی اور اسے بحرین کی تاریخ میں ایک انقلابی قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عائشہ نے یہ ثابت کیا ہے کہ خواتین بھی مشکل سے مشکل محاذوں پر دفاع وطن کے لیے مردوں کے شانہ بہ شانہ خدمات انجام دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ادھر امارات کی مسلح افواج کے مشیر الشیخ خلیفہ بن احمد آل خلیفہ نے الشیخہ عائشہ کی جانب سے جنگی طیارے کی کامیاب پرواز بحرین کے فضائی دفاع کی تاریخ میں غیرمعمولی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے بھی الشیخہ عائشہ کے جذبے اور صلاحیت کو سراہا۔