اسلام آباد (نیوز ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن )کی رجسٹریشن کو منسوخ کرنے کی درخواست پر سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔الیکشن کمیشن میں (ن )لیگ کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور پارٹی سے نواز کا نام ختم کرنے کی 4 درخواستیں دائرہیں۔مسلم لیگ ن کے وکیل اظہر جدون الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ٗدرخواست گزار خرم نواز گنڈا پور اور وکیل نیاز انقلابی بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔الیکشن کمیشن کے ممبر برائے پنجاب الطاف ابراہیم کا کہنا ہے کہ اس
موقع پرپارٹی کا نام ختم نہیں کر سکتے، اس سے نیا پنڈورا باکس کھل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں 14 دن رہ گئے ہیں، کافی بیلیٹ پیپرز چھپ چکے ہیں، الیکشن ہونے تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کریں گے،آپ کا موقف الیکشن کے بعد سنیں گے۔ممبر پنجاب نے درخواست گزاروں سے استفسار کیا کہ آپ چاہتے کیا ہیں؟جس پر درخواست گزار نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن )میں سے ن ہٹایا جائے۔الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔