اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان گجرات، چکوال اور بہاولپور کی نشستوں پر انتخابی ایڈجسٹمنٹ خطرے میں پڑ گئی،تحریک انصاف کے ناراض مقامی رہنماؤں و کارکنان نے (ق) لیگ کے امیدواروں کی حمایت کرنے کی بجائے اپنی ہی پارٹی کے آزاد امیدواروں جن کے پاس جیپ کا نشان ہے ان کی حمایت کر دی،
جس کے بعد (ق) لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے رابطے قائم کرلئے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے درمیان گجرات میں قومی اسمبلی کی 2، چکوال سے قومی اسمبلی کی ایک اور بہاولپور سے قومی اسمبلی کی ایک نشست پر انتخابی ایڈجسٹمنٹ ہوئی تھی اور تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری نہیں کئے تھے، مقامی قیادت کو ہدایت جاری کی تھی کہ (ق) لیگ کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں تاہم تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں اور کارکنان نے مرکزی قیادت کا فیصلہ مسترد کر دیا اور جیپ کا نشان حاصل کرنے والے آزاد امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد ان حلقوں میں (ق) لیگ کیلئے سیاسی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں اور ان کی کامیابی مشکوک نظر آرہی ہے، اس صورتحال پر مرکزی قیادت نے کارکنان سے رابطے کرلئے ہیں اور انہیں قائل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ عمران خان کے فیصلے کے تحت (ق) لیگ کے امیدواروں کو سپورٹ کیا جائے۔)