کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) فنانس بل 2018ء میں نان فائلرز کی گاڑی رجسٹرڈ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ صرف فائلرز ہی کی گاڑی رجسٹرڈ کی جائے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر حکام نے ڈائریکٹوریٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لاہور کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 1000 سی سی سے نیچے کی گاڑیوں اور موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کے لیے انکم ٹیکس فائلر ہونا ضروری نہیں لیکن ابھی تک اس کا نوٹیفیکیشن نہیں جاری کیا گیا ہے، ایف بی آر کا
یہ فیصلہ عوام کے لیے ایک نوید لے کر آیا ہے کہ اب ہزار سی سی سے نیچے کی گاڑی اور موٹر سائیکل کی رجسٹریشن اور خریداری کے لیے انکم ٹیکس فائلر ہونا ضروری نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لاہور نے ایف بی آر حکام سے ملاقات کی اور فنانس بل 2018 پر وضاحت طلب کی، جس پر ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ 1000 سی سی سے نیچے کی گاڑیاں یا کمرشل وہیکلز سمیت موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کے لئے انکم ٹیکس فائلر ہونا ضروری نہیں ہے۔