اسلام آباد(نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے بیان سے متعلق کیس خارج کردی۔الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی پر مشتمل تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ جمعرات کو سماعت کے موقع پر درخواست گزار عمران خان اور شاہد خاقان عباسی دونوں الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے الیکشن کمیشن کے مطابق فریقین کی
جانب سے وکلاء نے بھی کیس کی پیروی نہیں کی۔الیکشن کمیشن نے فریقین کی جانب سے عدم پیروی کی بنیاد پر درخواست خارج کر دی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف درخواست چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے دائر کی تھی جس میں انہوں نے درخواست میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے بیان پر الیکشن کمیشن میں طلب کرنے کی استدعاء کی تھی۔