لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف صاف پانی اور پنجاب پاور کمپنی کیس میں ایک روز پہلے ہی قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیش ہو گئے جہاں ان سے دونوں کیسز کے حوالے سے ڈیڑھ گھنٹے تک تحقیقات کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے شہبازشریف کو صاف پانی اسکینڈل اور پنجاب پاور کمپنی کیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت مبینہ بدعنوانی کے الزام میں 5جولائی کو طلب کیا تھا اور ان کی طلبی کا نوٹس ان کی رہائش گاہ پر نیب ٹیم نے وصول کرایا تھا۔لیکن مصروفیت کی وجہ سے شہباز شریف نے 4جولائی بروز بدھ کو ہی پیش ہونے کی درخواست کی تھی اور وہ نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی تین رکنی ٹیم شہبازشریف سے دونوں کیسز سے متعلق ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی جس کے بعد وہ نیب کے دفتر سے روانہ ہوگئے۔