اسلام آباد (آن لائن)گوادر کی آبادی 80 ہزار نفوس پر مشتمل ہے جس کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے آئندہ دس سال کے دوران 60 ہزار ٹن یومیہ صاف پانی کی ضرورت ہوگی۔ گوادر میں پینے کے پانی کی فراہمی کی سہولیات میں اضافہ کے حوالے سے کام کرنے والی چینی کمپنی ووہان ڈونگچوان واٹر انوائرمنٹ ٹیکنالوجی کے جنرل منیجر لژاؤ چوان نے کہا ہے کہ ایک خطے اور ایک سڑک کے نظریئے کے تحت پاکستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ
گوادر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اور اس سلسلہ میں گوادر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے منصوبہ پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمپنی نے رواں سال جنوری میں گوادر فری ٹریڈ زون میں ایک ہزار ٹن یومیہ استعداد کے حامل 2 پلانٹس لگائے ہیں جبکہ گوادر کی پانی کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر مزید پلانٹ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ دس سال کے بعد گوادر میں صاف پانی کی طلب 60 ہزار ٹن یومیہ سے بڑھنے کی توقع ہے۔