لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) جی پی او چوک کے قریب اورنج لائن ٹرین منصوبے کے انڈر گراؤنڈ سٹیشن سے گزرنے والی سڑک میں گہرا شگاف پڑ گیا ۔ جس سے جی پی او چوک میں کھڑا پانی ٹرین کے انڈر گراونڈ میں داخل ہو گیا۔ گہرا شگاف پڑنے کی وجہ ٹھیکیدار کی جانب سے ناقص مٹیریل کا استعمال بتایا گیا ہے۔
اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کا پانی اورنج لائن کے انڈر گراؤنڈ سٹیشن میں داخل ہونے سے سٹیشن کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ انڈر گراؤنڈ سٹیشن سے ملحقہ سڑک پر گہرا شگاف پڑنے کی اطلاع ملتے ہی کمشنر لاہور لارڈ میئراور ڈپٹی کمشنر لاہور ایک کنٹینر پر سوار ہو کر جی پی او چوک پہنچے۔ جنہوں نے کنٹینر پر ہی صوتحال کا جائزہ لیا اور نیچے اترنے کی زحمت گوارا نہ کی۔ جس کے بعد دونوں افسران وہاں سے اپنے دفاتر کی جانب روانہ ہو گئے۔