اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ انہیں گرفتار کیا جائے تاکہ وہ سیاسی شہید بن جائیں۔لاہور میں نیب کمپلکس کے دورے کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کےخلاف بلاتفریق جہاد جاری رہےگا، نیب ہیڈ کوارٹرز کو بارود سے اڑانے کی دھمکی دی گئی لیکن زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ نیب سیاستدانوں کو گرفتار کرے تاکہ وہ سیاسی شہید بن جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کسی کی خواہش کے مطابق گرفتاریاں نہیں کرتا، تمام کیسز میں گرفتاریاں میرٹ پر ہوں گی۔چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ چند لوگوں نے وطیرہ بنا رکھا ہے کہ نوٹس کے باوجود وہ نیب نہیں آتے،دوسری جانب نگران وزیر داخلہ محمد اعظم خان کی ہدایت پر نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کی سکیورٹی پولیس کمانڈوز کے حوالے کر دی گئی۔