اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے سکیورٹی اہلکاروں کیلئے گیارہ نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے ۔آئندہ عام انتخابات 2018ء میں امن وامان کی ذمہ داریاں سرانجام دینے والے سکیورٹی اہلکاران متعلقہ پریذائیڈنگ آفسران کی اجازت کے بغیر پولنگ سٹیشن کی حدود میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی اہلکاروں کے لئے 11نکاتی ضابطہ اخلاق کے مطابق یہ سکیورٹی اہلکاران انتخابی عمل کے دوران غیر جانبدار رہیں گے اور
کسی سیاسی جماعت یا اس کے امیدوار کے حق میں یا خلاف کام نہیں کریں گے۔ پولنگ عملہ کے ساتھ مکمل تعاون اور اپنے فرائض دیانتداری اور قانون کے مطابق سر انجام دیں گے۔ پولنگ سٹیشن پر امن و امان برقرار رکھنے یااسے بحال کرنے میں پریذائیڈنگ آفیسر کی بوقت ضرورت مدد کریں گے ۔ پولنگ سٹیشن کے باہر رائے دہندگان کی سہولت دیں گے۔ معذور افراد، بزرگ شہریوں ، خواجہ سرائوں اور علیل ووٹروں کو قطار میںسب سے آگے کھڑے کرنے میں مدد کریں گے۔