کراچی (این این آئی) پاکستا ن تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حلقہ این اے 243سے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کردیا گیا ہے جس کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اسکروٹنی کے لیے آج (منگل)کوطلب کرلیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی شہلا رضا نے این اے 243 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ ان کا عمران خان سے مقابلہ ہوگا۔
عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا سلسلہ پیر کو مکمل ہوگیا این اے246 سے ریٹرننگ آفیسر نے مسلم لیگی امیدوارسلیم ضیاکو اسکروٹنی کیلئے 13جون کوطلب کرلیا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حلقہ این اے 243 میں الیکشن لڑنے کو ایڈوکیٹ عبدالوہاب کی جانب سے چیلنج کردیا گیا ہے سابق چیف جسسٹس افتخارچوہدری کی پارٹی کے نامزد امیدوار عبدالوہاب ایڈوکیٹ نے عمران خان کے الیکشن لڑنے پر پابندی لگانے کی درخواست دی ہے، درخواست میں کہا گیا کہ جو شخص اپنی بیٹی کو تسلیم نہیں کرتا اسے الیکشن لڑنے کا حق نہیں حلقہ 243 کے ریٹرننگ افسر نے درخواست قبول کرلی ہے ، ریٹرننگ آفیسر نے تحریک انصاف کے چیئرمین کواسکروٹنی کیلئے طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ عمران خان خود یا اپنے نمائندے کے ذریعے 12جون کو11بجے پیش ہو کر کاغذات کی اسکروٹنی کروائیں، ، عمران خان کی جگہ عمران اسماعیل ریٹرنگ آفیسر کے سامنے پیش ہوں گے، عمران خان نے عمران اسماعیل کو اتھارٹی لیٹر جاری کردیا ۔علاوہ ازیں صوبائی الیکشن کمیشن آفس میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر اب تک36 فارم قومی اسمبلی کیلے موصول ہوے ، صوبائی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر 124 فارم جمع ہوئے جبکہ اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر73 فارم جمع ہوئے ہیں پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ نون ، متحدہ قومی موومنٹ متحدہ مجلس عمل سمیت مختلف امیدواروں کی جانب سے اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرستیں بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئیں۔