چیچہ وطنی(آئی این پی) ٹکٹوں کی تقسیم کے ایشو پرپی ٹی آئی چیچہ وطنی میں اختلافات ختم نہ ہوسکے ،سابق وزیرمملکت ملک نعمان احمد لنگڑیال حلقہ این اے149سے قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں جنہیں پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہیں مل سکا تاہم انہیں حلقہ پی پی 202سے پنجاب اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا گیا جسے انہوں نے قبول کرنے سے انکار کردیا ہے، ملک نعمان احمد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ
انہوں نے پنجاب اسمبلی کے ٹکٹ کیلئے درخواست ہی نہیں دی،ادھر پی ٹی آئی کی قیادت نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149،اورپنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی201 سے رائے مرتضیٰ اقبال کوپارٹی ٹکٹ جاری کئے ہیں،رائے مرتضیٰ اقبال پاکستان تحریک انصاف مغربی پنجاب کے سابق صدر رائے حسن نواز خان کے بھتیجے ہیں، ملک نعمان احمد لنگڑیال سینئر سیاستدان اور سابق صوبائی وزیر ملک اقبا ل احمد لنگڑیال کے صاحبزادے ہیں،لنگڑیال گروپ نے ٹکٹوں کی تقسیم کے ایشو پر رائے خاندان سے اختلاف کرتے ہوئے قومی اورصوبائی اسمبلی کی متذکرہ دونوں نشستوں پرآزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا عندیہ دیا ہے،لنگڑیال گروپ کے ترجمان حاجی محمدمخزن دیال نے بتایا کہ ملک نعمان احمد لنگڑیال کو قومی اسمبلی کاٹکٹ نہ دیکر سخت زیادتی کی گئی ہے جس سے حلقہ کے ووٹروں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، اگر فیصلہ تبدیل نہ کیا گیا تو رائے اور لنگڑیال گروپ25جولائی کے الیکشن میں آمنے سامنے ہونگے جس سے پی ٹی آئی کوسیاسی طور پردھچکالگے گا،انہوں نے کہاعمران خان کو صورتحال کا خودنوٹس لیناچاہیئے تاکہ مشترکہ پلیٹ فارم سے مسلم لیگ(ن) کو عبرتناک شکست دی جاسکے۔