اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد کی 3 نشستوں پر مسلم لیگ (ن)کی قیادت کو ٹکٹوں کے اجراء میں مشکلات کا سامنا،انجم عقیل خان اور طارق فضل چوہدری کے خلاف پارٹی عہدیدار کھل کر سامنے آ گئے جبکہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے عمران خان کے خلاف الیکشن لڑنے کیلئے دو حلقوں سے ٹکٹ مانگ لئے۔تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حلقہ این اے 52اور 53 سے پارٹی ٹکٹ مانگا ہے جبکہ ان کے مقابلے میں سابق خاتون رکن اسمبلی فرحانہ قمر
اور ساجد عباسی بھی میدان میں آگئے ہیں اور پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ طارق فضل کو صرف ایک حلقہ میں ٹکٹ جاری کیا جائے اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو طارق فضل کے خلاف آزاد حیثیت میں کھڑے ہو جائیں گے جبکہ حلقہ این اے 54 میں انجم عقیل کے خلاف 3امیدوار میدان میں آگئے ہیں، ملک نور اعوان، ذیشان نقوی اور حفیظ الرحمان ٹیپو نے انجم عقیل کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا ہے اور پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ حفیظ الرحمان ٹیپو کو ٹکٹ دیا جائے۔