اسلام آباد(این این آئی)نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک اور امریکی نائب صدر میک پنس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ۔ امریکی صدر نے عہدہ سنبھالنے پر نگران وزیراعظم کو مبارکباد دی جس پر جسٹس ر ناصر الملک نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ جمعرات کو ٹیلیفونک رابطے کے دوران امریکی نائب صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ مائیک پنس نے کہا کہ توقع ہے کہ ناصر الملک پاکستان میں انتخابات کرانے کے مینڈیٹ
کو پورا کرینگے ۔ ٹیلیفونک رابطے کے درمیان دونوں رہنماؤں نے پاک امریکہ تعلقات مضبوط بنانے افغانستان میں امن استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے ملکر بڑھنے پر اتفاق کیا ۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ منتخب حکومت کو اقتدار کی منتقلی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اقتدار کی منتقلی کیلئے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریگی۔