اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے طلبہ کو داخلہ دینے کے حکم پر عملدرآمد نہ کرنے والے پانچ میڈیکل کالجز کو نوٹسز جاری کر کے ان کے سربراہان کو وضاحت کیلئے ہفتے کو کراچی رجسٹری میں طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بلوچستان کے نجی میڈیکل کالجزمیں داخلوں سے متعلق کیس کی سماعت کی، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا تمام طلبہ کو داخلے مل گئے ہیں؟ جس پر رجسٹرار پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ پچیس
طلبہ کو تاحال داخلے نہیں مل سکے، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج عدالتی حکم نہیں مان رہا، جبکہ آرمی میڈیکل کالج کو جی ایچ کیو کی اجازت کا انتظار ہے،سپریم کورٹ نے آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی، کراچی میڈیکل ڈینٹل کالج،پنجاب میڈیکل کالج، فیصل آباد میڈیکل کالج اور ڈاؤ میڈیکل کالج کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے عدالتی حکم پرعمل نہ کرنے پر وضاحت طلب کرلی ہے،جبکہ ان میڈیکل کالجز کے سربراہان کو ہفتے کو کراچی رجسٹری میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔