اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم نے اپنا کام کر دکھایا، حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے بجٹ 36 ارب سے بڑھا کر 65 ارب روپے کر دیا ہے۔ سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت آئندہ مالی سال کے لیے بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے 23 ارب روپے مختص کر دیے گئے ہیں جبکہ مالی سال 2018-19ء میں سات نئی سکیموں سمیت پانی
کے دیگر وسائل کے لیے 849 ارب روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ان نئے منصوبوں میں دیامیر بھاشا ڈیم، نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان فور، سی بی آر سی فرسٹ لفٹ کم گریوٹی پروجیکٹ ڈیرہ اسماعیل خان، مہمند ڈیم پن بجلی منصوبہ، کے بی فیڈر اپر کینال کو کراچی شہر کو پانی کی سپلائی کے لئے لنک کرنا، سکھر بیراج کی بحالی اور آرائش، منچھر جھیل سے فیڈنگ کینال کی تعمیر شامل ہے۔